نئی دہلی،6ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے آج ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی کہ گؤ رکشا کے نام پر ہونے والے پرتشدد واقعات کی روک تھام اور ان سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لئے ہر ضلع میں سینئر پولیس افسر کو نوڈل افسر مقرر کیا جائے۔چیف جسٹس دیپک مشرا، جسٹس امتاؤ رائے اور جسٹس اے ایم کھانولکر کی تین رکنی بنچ نے ریاستوں کے چیف سکریٹریوں کو گؤرکشا کے نام پر ہونے والے پر تشدد واقعات کی روک تھام کے لیے کی گئی کارروائی کی تفصیلات کے ساتھ اسٹیٹس رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایات دی گئی۔
بنچ نے مرکز سے کہا کہ وہ اس منطق پر جواب داخل کرے کہ کیا وہ آئین کے آرٹیکل 256کے تحت تمام ریاستوں کو قانون سے متعلق معاملے پر ہدایات جاری کر سکتی ہے۔سپریم کورٹ نے مہاتما گاندھی کے پڑ پوتے تشار گاندھی کی پی آئی ایل پرسماعت کررہی تھی۔اس درخواست میں گؤ رکشا کے نام پر ہونے والے تشددکو روکنے کے اقدامات کرنے کی تمام ریاستی حکومتوں کو ہدایات دینے سمیت کئی راحت فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
تشار گاندھی کی جانب سے سینئر وکیل اندرا جے سنگھ نے گؤ گوشت رکھنے یا اس کا استعمال کرنے، یا اسے لے جانے کے نام پر پرتشدد بھیڑ کی طرف سے لوگوں کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالنے کے واقعات پر عدالت کی توجہ مبذول کرائی۔انہوں نے سالسیٹر جنرل رنجیت کمار کی طرف سے پہلے دیئے گئے اس بیان کا بھی ذکر کیا کہ مرکزی حکومت لوگوں کی طرف سے قانون اپنے ہاتھ میں لینے کے واقعات کی حمایت نہیں کرتی ہے۔گاندھی کے علاوہ کانگریس کے لیڈر تحسین پونہ والا نے بھی اس مسئلے پر درخواست دی ہے۔